سمندری طوفان بپر جوئے کا رخ تبدیل، بجلی کے شاٹ فال میں اضافے کا خدشہ

سمندری طوفان بپر جوئے کا رخ تبدیل، بجلی کے شاٹ فال میں اضافے کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان بپرجوئے کا رخ تبدیل ہونے کا الرٹ جاری کردیا ہے، طوفان پاکستان کے بجائے اب بھارتی شہر گجرات کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
سمندری طوفان کے باعث بھارت کے ساحلی علاقوں پر بارش ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ سائیکلون جہاں سے گزرتا ہے وہاں شدید بارش ہوتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بپر جوئے اس وقت کراچی سے 400 کلومیٹر دور جنوب میں موجود ہے، اور اس کے کیٹی بندر اور گجرات کے بیچ ٹکرانے کا امکان ہے، طوفان بپر جوائے اپنا رخ تبدیل کرے گا۔
تاہم، بحیرہ عرب میں موجود بپر جوئے مزید شدت اختیار کرگیا ہے، موسمی حالات طوفان کی شدت کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں، طوفان کے اطراف ہواؤں کی رفتار دو سو کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ 30 سے 40 فٹ تک بلند لہریں اٹھ رہی ہیں۔
امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ بحیرۂ عرب میں یہ سمندری طوفان 14 جون کی صبح تک شمال کی سمت میں چلتا رہے گا جس کے بعد یہ شمال مشرق کی جانب مڑے گا۔
بیپر جوائے کٹیگری ٹو کے سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا جو کہ 165 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔
طوفان کے باعث بجلی کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ
پاور ڈویژن کے مطابق سمندری طوفان سے ایل این جی کی ترسیل بجلی پیداوار، ترسیلی لائنیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث ونڈ انرجی سے بجلی کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے، اور ایل این جی کی ترسیل متاثر ہونے سے بجلی کی پیداوار میں 1500 میگاواٹ کمی ہوسکتی ہے۔
وزارت توانائی نے بتایا کہ ترسیلی مسائل کے باعث کول پاور پلانٹس کی 2400 میگا واٹ بجلی متاثر ہونے خدشہ ہے، تاہم بجلی کی پیداوار میں کمی کو ڈیزل سے بجلی پیدا کرکے پورا کیا جائے گا، اور ضرورت پڑنے پر لوڈشیڈنگ میں 2 سے 3گھنٹے اضافہ ہوسکتا ہے۔
پاور ڈویژن حکام کے مطابق ملک میں اس وقت مجموعی طور پر ساڑھے پانچ ہزار میگاواٹ سے زائد کا شارٹ فال ہے، اور موجودہ شاٹ فال کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے، سمندری طوفان کے باعث ترسیلی سسٹم متاثر ہونے سے شاٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے بڑھ سکتا ہے۔